اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 47 کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 14 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 3 ہزار 879 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 47 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 1.21 فیصد رہی اور اس دوران کورونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 14 کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افطار کے ساتھ ساتھ سحری میں کھجور کا استعمال کیوں ضروری ہے ؟
ملک کے مختلف شہروں میں 24 گھنٹے کے دوران کئے گئے کورونا ٹیسٹ اور مثبت کیسز کے حوالے سے لاہور میں 462 افراد میں سے 15 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر مثبت کیسز کی شرح 3.25 فیصد رہی۔
اسلام آباد میں 415 ٹیسٹوں میں سے 9 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت آیا اور شرح 2.17 فیصد رہی اور ملتان میں 109 ٹیسٹوں میں سے 2 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر شرح 1.83 فیصد ریکارڈ کی گئی۔