سلمان راجا نے عمران اور بشریٰ بی بی کو سحری نہ دینے بارے افواہوں کی تردید کردی

Published On 04 March,2025 09:49 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سحری نہ دینے کے بیان کو غلط اور غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔

سلمان اکرم راجا نے پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان کی  تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سیف سے بیان کی وضاحت مانگی ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، ان کی صحت کے بارے میں بے بنیاد افواہیں پھیلائی گئیں۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتت کے بعد سلمان اکرم راجا نے کہا بانی پی ٹی آئی کو سحری نہ دینے اور عبادت میں خلل ڈالنے کی باتیں بھی درست نہیں ہیں۔

ایک سوال پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ انہوں نے شیخ وقاص اکرم سے کہا ہے کہ وہ پوچھیں کہ بیرسٹر سیف نے ایسا بیان کیوں دیا؟

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں سحر و افطار میں کھانے کو کچھ نہیں دیا جارہا، وہ سحری کے بغیر روزہ رکھنے پر مجبور ہیں۔