پاوں الٹے موڑ کر چلنے والا 'مسٹر پلاسٹک'

Last Updated On 24 August,2018 03:12 pm

مشی گن: (ویب ڈیسک) امریکہ کا ایک باشندہ اپنے پائوں الٹے موڑ کر پیچھے کی جانب چلنے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے. اس حیران کن مظاہرے کے دوران اسے ذرہ بھر تکلیف نہیں ہوتی اور وہ اپنے پاؤں 180 ڈگری کے رخ پر آسانی سے موڑ لیتا ہے۔

امریکی شخص موسس لینہم کو 14 سال کی عمر سے اپنے پاؤں کو مخالف سمت میں موڑ کر پیدل چلنے پر ’مسٹر پلاسٹک‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے اور ایسی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ انہیں یہ انوکھی صلاحیت اس وقت حاصل ہوئی جب وہ ورزش کے دوران جم میں دو بلند دیواروں کے درمیان تنی ہوئی ایک رسی پر چلنے کی کوشش میں نیچے گرگئے تھے۔

اس حادثے کے بعد موسس کو اپنے پیروں میں نمایاں تبدیلی محسوس ہوئی اور جلد وہ جان گئے کہ بغیر تکلیف کے وہ اپنی ٹانگوں کو 180 ڈگری کے زاویئے پر موڑ کر چل سکتے ہیں۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ایسا ٹانگوں، گھٹنوں اور کولہوں کے جوڑوں میں کارٹیلیج (کرکری ہڈی) کی دگنی مقدار کی موجودگی سے ہوتا ہے۔

انسانی جسم کے جوڑوں میں ہڈیوں کے درمیان ایک نرم، چکنی اور لچک دار ہڈی ہوتی ہے جسے ’’کرکری ہڈی‘‘ یا کارٹیلیج کہا جاتا ہے۔ یہ کسی جوڑ پر ہڈیوں کے آپس میں ملنے والے مقام پر ہڈیوں کی سطح کو چکنا رکھتی ہے جس سے ہڈیوں کو حرکت اور موڑنے کے دوران تکلیف نہیں ہوتی اور ہم آسانی سے اٹھ بیٹھ سکتے ہیں۔ تاہم موسس میں کارٹیلیج اور متعلقہ بافتوں (ٹشوز) دگنی تعداد میں ہونے کی وجہ سے وہ اپنے پاؤں کو گھٹنے سے 180 ڈگری زاویئے تک موڑ سکتے ہیں۔