گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) فن پہلوانی میں پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے اور نئے ریکارڈ قائم کرنے والے گوجرانوالہ کے پہلوان سال 2020میں بھی سہولیات سے محروم، اکھاڑوں کی تعداد 20 سے کم ہو کر پانچ رہ گئی۔
گوجرانوالہ کے پہلوانوں نے دو سالوں کے دوران وطن عزیز کے لیے کامن ویلتھ، سیف گیمز میں 20 سے زائدگولڈ میڈل جیتے جبکہ رستم پاکستان سمیت تین مرتبہ ورلڈ چمپئین بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
سال 2020کے دوران کورونا کی وجہ سے کوئی دنگل نہ ہوسکا لیکن افسوس حکومت کی جانب سے پہلوانوں کی کوئی حوصلہ افزائی نہ ہوسکی۔ ورلڈ چمپئین انعام پہلوان کا کہنا ہے کہ حکومتی دعووں کے باجود وہ تمام سہولیات سے محروم رہے۔
ستم ظریفی تو یہ ہے کہ حکومت کی عدم توجہی کے باعث اکھاڑوں کی تعداد 20 سے کم ہو کر پانچ رہ گئی ہے، صرف چند پہلوان ہی ٹریننگ کرتے نظر آتے ہیں۔
سرکاری سر پرستی نہ ہونے کے باجود بھی یہ پہلوان بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی بنتے ہیں اور پوری دنیا میں اپنے ملک کی شناخت کرواتے ہیں۔