لاہور: (دنیا نیوز) نوازشریف کا سروسز ہسپتال میں 12 واں روز ہے، طبیعت میں بہتری آنے لگی، ڈاکٹرز نگرانی کے بغیر بھی چہل قدمی شروع کر دی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا سروسز ہسپتال میں علاج جاری ہے، میڈیکل بورڈ آج طبی معائنہ کرے گا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پہلی بار ڈاکٹرز کی نگرانی کے بغیر واک بھی کی، نواز شریف کو دل کی دوسری ادویات سمیت خون میں کلاٹ ختم کرنے والی دوا کلوپیڈو گرل بھی شروع کروا دی گئی ہے۔
سربراہ میڈیکل بورڈ پروفیسر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت دن بدن بہتر ہو رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے دل، گردے، بلڈ پریشر اور شوگر کے مسائل اپنی جگہ موجود ہیں جبکہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نواز شریف کی تشویشناک حالت کے حوالے سے ٹویٹ کر چکے ہیں۔