نیب کا نواز شریف کے معالج ڈاکٹرعدنان کو وارننگ لیٹر

Last Updated On 30 October,2019 10:30 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کو نیب کی طرف سے ادارے کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے پر جاری کیا گیا وارننگ لیٹر منظر عام پر آگیا۔

نیب لاہور نے 25 اکتوبر کو ڈاکٹر عدنان کو لیٹر ارسال کیا جس میں مختلف حقائق پر توجہ دلائی گئی ۔ڈاکٹر عدنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا آپکی جانب سے نیب کو ارسال خط میں کئے گئے دعوے حقائق کے منافی اور محض ہرزہ سرائی کے سوا کچھ نہیں۔ نیب نے باور کروایا نیب سے آپکو ہمیشہ نواز شریف کے معائنے کی اجازت ملتی رہی جسکا مکمل ریکارڈ بھی دستیاب ہے۔
ریکارڈ کے مطابق آپ نے 11، 19 اور 21 اکتوبر کو نواز شریف کا جامع معائنہ کیا اور روزانہ کی بنیاد پر دوائیں آپ خود فراہم کرتے رہے ۔آپکو نواز شریف کے خون کے نمونے اور دیگر ٹیسٹ کروانے کی سہولت بھی فراہم رہی ۔لیٹر میں کہا گیا آپ کو معلوم ہے نواز شریف کو گھر سے من پسند کھانا منگوانے کی فراخ دلانہ اجازت بھی دی گئی جو 11 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک وہ حاصل کرتے رہے ۔ڈاکٹر عدنان کو پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے منحرف ہونے اور غلط معلومات فراہم کرنے پر لیٹر ارسال کیا گیا۔