جے یو آئی کے آزادی مارچ سے کیسے نمٹا جائے، حکومت کا اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ

Last Updated On 14 October,2019 02:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ سے کیسے نمٹا جائے ، حکومت نے اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ مولانا فضل الرحمن سے اچھے تعلقات رکھنے والے چودھری شجاعت حسین سے رہنمائی کے لئے وزیراعلی عثمان بزدار ان کے گھرپہنچے۔

جمعیت علمائے اسلام کے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے بعد حکومت بھی متحرک، آزادی مارچ سے کیسے نمٹا جائے، حکومت نے اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا۔ مرکز اورپنجاب کی سطح پر اتحادیوں کی تجاویز سے استفادہ کیا جائے گا، آئندہ ہفتے مشاورت کاعمل شروع ہو سکتا ہے۔ اپوزیشن کا ٹھوس لائحہ عمل سامنے آتے ہی حکومت اپنے کارڈز بھی اوپن کرے گی۔

دوسری طرف مولانا فضل الرحمن سے اچھے تعلقات رکھنے والے چودھری برادران سے وزیراعلی پنجاب نے ملاقات کی۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہی سے ملاقات میں سیاسی معاملات پر مشاورت کی گئی، آزادی مارچ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ چودھری شجاعت حسین کی تجاویز کو بھی حتمی لائحہ عمل میں شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب نے چودھری شجاعت حسین کی تیمارداری بھی کی اور انکی مکمل صحت یابی کی دعا کی۔

آزادی مارچ کے حوالے سے سیاسی منظر نامے پر ہلچل پیدا ہوچکی ہے، ایک طرف اپوزیشن جماعتیں مشاورت کررہی ہیں تو حکومتی اتحادی بھی سرجوڑتے نظرآتے ہیں۔