بھارتی چالیں ناکام، رضا ربانی آئی پی یو کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب

Last Updated On 14 October,2019 12:17 pm

بلغراد (روزنامہ دنیا) بھارتی چالیں ایک بار پھر ناکام ہوگئیں، پاکستا ن کی پارلیمانی سفارتکاری کی تاریخی فتح، بھارتی امیدوار ششی تھرور کے مقابلے میں سینیٹر رضا ربانی انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہوگئے۔

دنیا بھر کی 188 ویں پارلیمان پر مشتمل انٹرپارلیمانی یونین کی 131 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ایشیا پیسیفک ممالک کی جانب سے آئی پی یو کی مجلس عاملہ کیلئے متفقہ نمائندہ منتخب کرنا تھا، پاکستان نے اس عہدے کیلئے سینیٹر رضا ربانی کو نامزد کیا، پاکستان نے گروپ میں فوری خفیہ الیکشن کا مطالبہ کیا تو یقینی شکست دیکھ کر بھارتی امیدوار نے اپنا نام ہی واپس لیکر شکست تسلیم کرلی۔

بھارتی وفد نے انتخابات مؤخر کروانے کی بھرپور کوشش کی لیکن 34 رکنی ایشیا پیسیفک گروپ کے کسی بھی رکن کی جانب سے پذیرائی نہ مل سکی ،سینیٹر رضا ربانی تین سال کے لئے انٹر پارلیمانی یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر، سینیٹر جاوید عباسی ڈرافٹنگ کمیٹی کے رکن منتخب ہوگئے، علاوہ ازیں ایشیا پیسیفک گروپ نے سینیٹر شیری رحمن کو کمیٹی برائے پائیدار ترقی، مالیات اور تجارت کا رکن منتخب کر لیا۔