سپیکر اسد قیصر کی ترک صدر سے ملاقات، کشمیر سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

Last Updated On 12 October,2019 04:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے استنبول میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی ہے۔

یاد رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے استنبول میں دہشت گردی کے خاتمے اور علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے کے بارے میں پارلیمنٹس کے اسپیکر کی تیسری کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین کی میزبانی کی۔

دنیا نیوز کے مطابق استنبول میں خطے کے ممالک کی تیسری سپیکرز کانفرنس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی دو قالب یک جان کی مانند ہیں، دونوں ممالک مذہب، اخوت، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان کو ترکی کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے، دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان 24 اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کرینگے، دورہ پاکستان 2 روزہ ہو گا۔ انہیں وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کی دعوت تھی جو انہوں نے قبول کر لی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کو ٹیلی فون کر کے دہشت گردی کے خلاف انکے موقف کی حمایت کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے باعث70ہزار جانوں کا نقصان برداشت کیا اور 30 لاکھ مہاجرین کا بوجھ دہائیوں تک برداشت کیا لہذا دہشت گردی کے خلاف ترکی کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان ترکی کو درپیش چیلنج اور خطرات کو سمجھتا ہے اور ترکی کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ترکی کی شام کے مسئلے کے حل، خطے میں امن وا ستحکام کی کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں جب کہ پاکستانی حکومت اورعوام ترک صدر کے پرجوش استقبال کے منتظر ہیں۔