اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں، پاکستان کے اپنے ان دونوں بھائیوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کے دورے خطے میں امن و استحکام اور اتحاد کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے، صدر حسن روحانی کا خطے میں امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا خیر مقدم باہمی قربت کا مظہر ہے، عمران خان نے ایرانی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالیہ سنگین صورتحال سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے مظلوم کشمیریوں کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا پاکستان برادر ممالک کے مابین اخوت و مصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے، امت مسلمہ باہمی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی، قیادت کی سطح پر یہ احساس اسلامی دنیا کے لئے نیک فال اور عوامی جذبوں کی عکاسی ہے، وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔