اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلے گا یا نہیں، فیصلے کی گھڑی آن پہنچی، ایف اے ٹی ایف کے پلینری ورکنگ گروپ کا اجلاس پیرس میں جاری ہے۔
اجلاس میں ایف اے ٹی ایف اس بات کا تعین کرے گا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کس حد قابل اطمینان ہیں جبکہ 29 اپریل کو دئیے گئے ایکشن پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان نیشنل رسک مینجمنٹ پروگرام کی نئی جائزہ رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کرے گا جس میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے خصوصی اقدامات پر مشتمل ہوگی۔
دوسری جانب حکومت پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف ٹی ایف کی 36 میں سے 9 سفارشات پر 100 فیصد جبکہ 27 پر جزوی عمل درآمد کیا جا چکا ہے۔ دہشت گردوں کی فنڈنگ ختم کر دی گئی ہے جبکہ تمام کالعدم تنظیموں کے بینک اکاؤنٹس مجمند کر کے اثاثے ضبط کر دئیے گئے ہیں۔