اسلام آباد: (دنیا نیوز) نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر کے ریفرنس پر بری ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کیخلاف نیب کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کو 25 جون کو رہا کیا تھا، نیب نے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی تھی جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے، نیب کی طرف سے احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ 15 اکتوبر کو اپیل پر سماعت کرے گا۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی ڈویژن بنچ میں شامل ہونگے جو کیس کی سماعت کریں گے،
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سابق وزیر قانون اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کو نندی پور پاور پراجیکٹ اسکینڈل کیس میں بری کر دیا تھا جبکہ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ عدالت نے بابر اعوان اور جسٹس (ر) ریاض کیانی کی درخواستِ بریت منظور کرلی تھی۔
واضح رہے کہ نیب کے مطابق پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں وزراء کی ملی بھگت سے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے میں 2 سال کی تاخیر ہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا۔
مذکورہ کیس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سابق وزیر قانون بابر اعوان، سابق سیکریٹری قانون مسعود چشتی، ریاض کیانی، سینیئر جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر ریاض محمود، سابق ریسرچ کنسلٹنٹ شمائلہ محمود اور سابق سیکریٹری شاہد رفیق پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ نیب ریفرنس میں عائد الزامات پر بابر اعوان وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔