عمران خان واسکٹ بھول گئے ، ملازم سے مانگ کر تصویر بنوائی

Last Updated On 13 August,2018 02:08 pm

لاہور (دنیا نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے واسکٹ مانگ کر قومی اسمبلی کے رجسٹریشن کارڈ کیلئے تصاویر بنوائیں، عمران خان جب صبح ایوان میں پہنچے تو انہوں نے سفید رنگ کی شلوار قمیض زیب تن کر رکھی تھی۔

عمران خان کو جب علم ہوا کہ رجسٹریشن کارڈ کیلئے واسکٹ میں تصویر بنوانا ضروری ہے تو وہ تھوڑا گھبرا گئے کیونکہ ان کی گاڑی میں بھی واسکٹ موجود نہیں تھی جس پر انہوں نے قومی اسمبلی کے ایک ملازم سے ہی جو اس وقت دفتر میں موجود تھا کچھ دیر کیلئے واسکٹ ادھار مانگی جس کے بعد عمران خان نے اس واسکٹ میں تصویر بنوائی۔

تصویر بنوانے کے بعد عمران خان نے پارلیمنٹ ہائوس کے دفتر پہنچ کر اپنا رجسٹریشن کارڈ بنوایا اور اس کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔ عمران خان نے قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں سے الیکشن میں حصہ لیا تھا جن میں این اے 131 ، این اے 53 ، این اے 35، این اے 243 ،اور این اے 95 کی نشست شامل تھی۔

قواعد کی رو سے عمران خان کو ایک نشست کا انتخاب کرنا تھا اور دیگر چاروں نشستیں چھوڑنا تھیں جس پر عمران خان نے میانوالی سے اپنے آبائی حلقے کی نشست این اے 95 اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور باقی تمام نشستوں کو چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔