پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام، پی ٹی آئی اور ق لیگ کا قانون سازی کا اعلان

Last Updated On 12 August,2018 07:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی اور قاف لیگ نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کیلئے قانون سازی کا اعلان کر دیا، جہانگیر ترین نے اعلان کیا ہے کہ شہباز دور کے اقدامات بے نقاب کئے جائیں گے، انھوں نے وزیرِاعلی پنجاب، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے ن لیگی رہنماؤں سے بھی رابطوں کی تصدیق کر دی۔

پنجاب میں حکومت سازی کیلئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ چودھری برادران سے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں وزیرِاعلیٰ پنجاب، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سمیت معاملات پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں ارکان پنجاب اسمبلی سے رابطوں اور 14 اگست کو پارلیمانی اجلاس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ہمارے نمبرز میں اور ن لیگ کے نمبرز میں بہت فرق ہے لیکن اس کے باوجود ہماری ن لیگ کے بیشتر لوگوں سے ہماری بات چیت چل رہی ہے، ہو سکتا ہے کسی ن لیگ کے امیدوار کا ضمیر کہے تو ہمیں ووٹ دیدے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے جو منصوبے صرف اپنی من مانی کی وجہ سے ادھورے چھوڑے انھیں عوام کی بہتری کی خاطر مکمل کریں گے۔ چودھری پرویز الہیٰ کیساتھ مل کر عوام کی بہتری کیلئے کام کرینگے اور انھیں اختیارات دیں گے۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون شریف برادران کا تعاقب کر رہا ہے، شریف برادران وہیں پہنچیں گے جہاں انہیں پہنچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ممبران کے بیٹھنے کیلئے بہت کم جگہ ہے، شہباز شریف نے جس طرح ہسپتال مکمل نہیں کیے، اسی طرح پنجاب اسمبلی پر بھی توجہ نہیں دی۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ان کی نظر میں انسان انسان نہیں ہیں، ہسپتالوں کا برا حال ہے۔ شہباز شریف نے کوئی ایسا ادارہ نہیں چھوڑا جو ٹھیک ہو۔ گزشتہ 10 برسوں میں شہباز شریف نے نظام کا بیڑہ غرق کر دیا۔ میرے دور میں اختیارات نچلی سطح تک دیے لیکن شہباز شریف کے نظام میں نچلی سطح پر لوگ بے اختیار ہیں۔ تاہم ہماری نیت، سوچ اور ارادہ ٹھیک ہے، اللہ تعالیٰ برکت ڈالے گا۔