پی ٹی آئی وفد کی ایاز صادق سے ملاقات، تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی

Last Updated On 12 August,2018 07:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کو الیکشن سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی، ایاز صادق کہتے ہیں پی ٹی آئی چاہتی ہے حکومت اور اپوزیشن معاملات مشاورت سےچلائیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے وفد نے اسلام آباد میں سپیکر ایاز صادق سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور انھیں عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی جبکہ ورکنگ ریلیشن شپ پر بھی گفتگو کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن معاملات مشاورت سے چلائیں۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے اس موقع پر کہا کہ احتساب آئین پاکستان کا حصہ ہے، اپوزیشن کے تحفظات دور کریں گے، حکومت اور اپوزیشن ساتھ نہیں چلیں گے تو نظام آگے نہیں بڑھے گا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانا چاہتے ہیں، معیشت سمیت دیگر اہم امور پر چیلنجز درپیش ہیں، ان تمام مسائل کا مل کر حل کرنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی وفد کی ملاقات کے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسد قیصر نے بطور امیدوار سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اور پارلیمانی امور اور سپیکر الیکشن کے بارےمیں معلومات حاصل کیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسد قیصر تحریک انصاف کے منتخب نمائندے ہیں، تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات پارٹی کے مابین نہیں تھی۔