پارلیمان کی مضبوطی کیلئے اپوزیشن کا تعاون اشد ضروری، فواد چودھری

Last Updated On 13 August,2018 12:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف پارلیمانی روایات کو بدلنا چاہتی ہے، پارلیمان کی مضبوطی کے لیے اپوزیشن کا تعاون اشد ضروری ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترمینگل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دستبردار ہونے کی درخواست کر دی ہے، خورشید شاہ ہمارے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوں تو پارلیمان کا ماحول مزید اچھا ہو جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن گاڑی کے دو پہیے ہیں، دونوں ایک دوسرے کے بغیر نہیں چل سکتے، ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک مٹھی ہونا ہو گا، ہم باہمی گفت و شنید اور تعاون سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، نئے پاکستان میں سب کے لئے تعلیم اور صحت کی سہولیات یکساں ہونگی۔