سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل ہو چکا ہے، عمران اسماعیل

Last Updated On 12 August,2018 06:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سندھ کے نامزد گورنر عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کیلئے اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل ہو چکا ہے، پارٹی میں مشاورت کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے کل ملاقات ہو گی۔

عمران اسماعیل کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بتانا تھا کہ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل ہو چکا ہے جو تحریک انصاف سے ہو گا، تاہم اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، پارٹی مشاورت کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں سے کل ملاقات ہو گی۔ اپوزیشن لیڈر تحریک انصاف سے ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی دس سال میں بہت پیچھے چلا گیا ہے، عمران خان کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، ان کے ویژن کے مطابق شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور رہے گی، اس کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہم حقیقی تبدیلی لے کر آئیں گے، متحرک گورنر کی حیثیت سے ہر شہر جاؤں گا۔

عمران خان نے کبھی گورنر ہاؤس کو بلڈوز کرنے کا نہیں بلکہ یونیورسٹی بنانے کا کہا تھا، گورنر ہاؤس کو پبلک کے لیے کھولیں گے اور اخراجات کو کم کریں گے

انہوں نے کہا کہ گورنر کی حیثیت سے سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، کراچی کی ترقی میں وفاق اپنا حصہ ڈالے گا، بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کو یقینی بنائیں گے، کوشش ہو گی کہ ترقیاتی منصوبوں میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہو جائے۔