دبئی: (ویب ڈیسک)اگر آپ اکثر نزلہ زکام یا ایسی ہی دیگر عام موسمی بیماریوں کے شکار ہوجاتے ہیں تو اس کی وجہ آپ کے ہاتھ میں سمارٹ فون کی ہوسکتی ہے۔
محمد بن راشد یونیورسٹی آف میڈیسین اینڈ ہیلتھ سائنسز اور آسٹریلیا کی بونڈ یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ سمارٹ فون اور اسمارٹ واچ کی صفائی کو یقینی بنانا لوگوں کی صحت کو زیادہ بہتر تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہاتھوں کی صفائی کا فائدہ اس صورت میں نہیں ہوتا اگر سمارٹ فون یا دیگر ڈیوائسز کی صفائی کا خیال نہ رکھا جائے۔
تحقیق کے مطابق گرم درجہ حرارت اور ٹچ سکرین ڈسپلے کی وجہ سے سمارٹ فونز امراض کا باعث بننے والے جراثیموں کی افزائش کے لیے مثالی ثابت ہوتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ فونز کبھی ہم سے زیادہ دور نہیں ہوتے اور ہم انہیں ہر جگہ ساتھ لے جاتے ہیں، اسی لیے فونز کی صفائی کو عادت بنانا اسی طرح ضروری ہے جس طرح ہم ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھتے ہیں۔
تحقیق میں ایک طبی مرکز کے عملے کو شامل کرکے ان کے موبائل فونز اور اسمارٹ واچز کے نمونوں کی جانچ پڑتال کی گئی تھی،ان افراد کے ہاتھوں کا جائزہ بھی میٹا جینومکس سیکونسنگ ٹیکنالوجی سے لیا گیا تھا، جس کہ نتائج سے معلوم ہوا کہ ہاتھوں پر موجود جراثیم موبائل فونز اور اسمارٹ واچز پر بھی موجود ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق کچھ جراثیم ایسے تھے جو ادویات کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت رکھتے تھے جبکہ کچھ ڈیوائسز میں تو کورونا وائرس کو بھی دریافت کیا گیا جس پر ماہرین نے مشورہ دیا کہ اسمارٹ فون کی صفائی کو معمول بنانا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے sanitisation وائپس کا استعمال کیا جانا چاہیے۔