ثمرقند : (ویب ڈیسک ) افریقی ملک گیمبیا کے بعد ازبکستان میں بھی بھارتی کمپنی کا تیار کردہ سیرپ پینے سے 18 بچے جان کی بازی ہار گئے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی ایشیائی ملک ازبکستان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فارما سیوٹیکل کمپنی کی تیار کردہ سیرپ پینے سے 18 بچے جاں بحق ہو گئے۔
ازبکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق بھارت کی فارما سیوٹیکل کمپنی ماریون بائیو ٹیک کی تیار کردہ سیرپ اور گولیاں بچوں کی اموات کا باعث بنیں ، بھارتی کمپنی کی تیار کردہ دوا استعمال کرنے سے بچوں کو سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جب بھارتی ادویات کا لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا گیا تو اس میں انتہائی زہریلا کیمیکل ایتھلین گلیکول پایا گیا۔
یاد رہے کہ گیمبیا میں بھی یہی کیمیکل 66 بچوں کی موت کی وجہ بھی بنا تھا جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھارتی کمپنی کی تیار کردہ کھانسی کی دوا سے متعلق انتباہ جاری کیا تھا۔