اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر محمد فخر عالم، ڈی جی ہیلتھ قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام، پاک فوج کے نمائندے اور دیگر ماہرین بھی شریک ہوئے
ترجمان وزارت صحت کے مطابق وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے عوام افواہوں پر دھیان نہ دیں، کووڈ کیس پازیٹو ریشو 0.3 سے 0.5 ہے، پاکستان کی 90 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگ چکی، لوگ محفوظ ہیں، تمام ائیرپورٹس پر سکریننگ اور ریپڈ ٹیسٹ کیے جائیں گے اور ساتھ ہی ڈس انفیکشن سپرے اور سینٹائزر کا استعمال کیا جائے گا۔
وزیر صحت نے مزید کہا کہ انفیکشن والے لوگوں کے پی سی آر ٹیسٹ کیے جائیں گے، تمام ائیرپورٹس پر سکریننگ اور سرویلنس کا موثر نظام موجود ہے، بارڈر اینڈ ہیلتھ سروسز پاکستان کا ادارہ انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی شفارشات پر عمل درامد کو یقینی بنا رہا ہے، تمام ائیرپورٹس اور ملک کے داخلی ور خارجی راستوں پر عملہ مستعدی سے کام کر رہا ہے۔