محبوب نے انڈونیشی خاتون کو پاکستان بلاکر زیور، نقدی ہتھیا لی

Last Updated On 19 June,2019 03:55 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) بہاولپور کے نوجوان نے انڈونیشیا کی محبوبہ کو شادی کا جھانسہ دیکر پاکستان بلایا اور زیورات، نقدی و دیگر قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔ نوسرباز نے خاتون کی دولت اس بے دردی سے لوٹی کہ واپسی کا کرایہ تک نہ رہنے دیا اور بے بس خاتون لاہور ایئرپورٹ پر بھوکی پیاسی خوار ہو گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بہاولپور کے رہائشی نوسر باز نے خاتون کے ساتھ فیس بک پر دوستی کا ڈرامہ رچایا جس پر غیر ملکی خاتون مورنگش نیگا سیرف نے گزشتہ 13مئی 2019 کو چھ ماہ کا ویزا حاصل کیا اور پاکستانی نوجوان کے عشق میں پاکستان آ گئی۔

ایک ماہ بہاولپور میں رہنے کے بعد خاتون واپسی کی ٹکٹ کے پیسوں کے لیے بھی ترس گئی، کیونکہ نوسرباز نے پیسے اور زیور ہتھیا لئے۔ بعد ازاں وہ خاتون کو 24 گھنٹے پہلے ہی لاہور ایئرپورٹ پر چھوڑ گیا۔

دوسری جانب ملنڈو ایئر کی پروازیں بند ہونے پر انڈونیشیا کی خاتون کو ٹکٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ 24 گھنٹے سے ایئر پورٹ پر بھوکی پیاسی انتظار کی سولی پر لٹک گئی اور رات بھر کرسیوں پر بیٹھی رہی۔

بعد ازاں ایئر لائن خاتون کی اگلے دن واپسی کیلئے متحرک ہو گئی اور انتظامات شروع کر دئیے جبکہ سول ایوی ایشن سمیت کسی بھی ادارے کو ایئر پورٹ پر بیٹھی بے یارومددگار خاتون کی موجودگی کا احساس نہ ہوا۔