لاہور: گلبرگ میں ڈولفن اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے شہری زخمی

Last Updated On 19 June,2019 03:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ڈولفن پولیس نے لاہور کے علاقے گلبرگ کے رہائشی نوجوان کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

گلبرگ کے علاقے نبی پورہ میں ڈولفن اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے عمر رضا نامی نوجوان ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ زخمی نوجوان عمر رضا کا کہنا ہے کہ وہ والدہ کی دوا لے کر واپس گھر آ رہا تھا کہ ڈولفن اہلکار نے فائر کھول دیا۔

عمر رضا کی والدہ کا کہنا ہے کہ ڈولفن فورس کی جانب سے معاملے کو دبانے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب عارف نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کو معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔

ایس پی ڈولفن بلال ظفر کا کہنا ہے کہ چاروں ڈولفن اہلکاروں کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی ہے، انکوائری رپورٹ آنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ معطل اہلکاروں میں رفاقت، وسیم، ذیشان اور آصف شامل ہیں۔

اربوں روپے کی ڈولفن فورس کی کارکردگی پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، عوام کو تحفظ فراہم کرنے والے ہی عوام کو گولیوں کا نشانہ بنانے لگے ہیں۔