کراچی: عزیز آباد پولیس نے 2 ملزمان گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لی

Last Updated On 19 June,2019 09:00 am

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے عزیز آباد پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لی، ائیر پورٹ پولیس نے رینجرز کے ہمراہ اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ نیو کراچی اور قائد آباد میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ پنجاب کالونی میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی۔

عزیز آباد پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروش گرفتار کر لئے۔ ملزمان عثمان اور بلاول سے چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا۔

کراچی میں دو مختلف واقعات میں اندھی گولی لگنے سے دو افراد زخمی ہو گئے، پہلا واقعہ قائد آباد داؤد چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ہوٹل میں موجود بچہ زخمی ہو گیا۔

بچے کی شناخت 16 سالہ شہاب ولد رشید خان کے نام سے ہوئی۔ زخمی شہاب کو جناح ہسپتال منتقل کر لیا گیا۔ ادھر نیو کراچی کے قریب خمیسو گوٹھ سیکٹر فائیو اے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

زخمی بچے کی شناخت 7 سالہ احمد رایا کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ کراچی میں سٹریٹ کرمنلز بے لگام ہونے لگے۔ پنجاب کالونی میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات ہو گئی۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی۔ فوٹیج میں ڈاکووں کی جانب سے رکشہ میں سوار خواتین کا تعاقب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ خواتین جیسے ہی گھر پہنچین، تین موٹر سائیکل سوار ملزمان گھر میں گھس کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے تاہم علاقہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں اب تک ناکام ہے۔