پی ایس ایل7: شاہین کی محنت رائیگاں، پشاور کی سپر اوور میں لاہور کو شکست

Published On 21 February,2022 06:54 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں شاہین شاہ آفریدی کی قائدانہ محنت رائیگاں گئی اور پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو سپر اوور میں شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے جس میں آج کے میچ کے لئے لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی اور پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کررہے تھے۔ 

سپر اوور

میچ برابر ہونے کی وجہ سے سپر اوور کرایا گیا جس میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 6 گیندوں پر 5 رنز بنائے، ،ہیری بروک تین اور فخر زمان 2 رنز بنا پائے، وہاب ریاض نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔

6 رنز کا ہدف پشاور زلمی کی ٹیم نے صرف 2 گیندوں پر حاصل کرلیا، سینئر بیٹر شعیب ملک نے 2 گیندوں پر 2 چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

لاہور قلندرز اننگز

اس سے قبل پشاور زلمی کے 159 رنز ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور آخری اوور میں 3 چھکے لگا کر میچ برابر کردیا تھا۔

قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 158 رنز بنائے، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 39 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر میچ کو سپر اوور میں پہنچایا، تاہم سپر اوور میں لاہور کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قبل ازیں فخر زمان صفر، فل سالٹ 14، کامران غلام 25، محمد حفیظ 49، ہیری بروک 2، سہیل اختر 19، ڈیوڈ ویزے 1 اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے۔

فاتح ٹیم کی جانب سے ارشد اقبال اور وہاب ریاض نے 2،2 ، شعیب ملک، خالد عثمان، محمد عمر اور عماد بٹ نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پشاور زلمی اننگز

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کیخلاف 158 رنز بنائے۔ شعیب ملک 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث 6، حضرت اللہ زازائی 20، کامران اکمل18، حیدر علی25، حسین طلعت 17، خالد عثمان 19 رنز بنا سکے۔ فواد احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ 

لاہور قلندرز سکواڈ

پشاور زلمی کے خلاف میچ کے لئے لاہور قلندرز کے سکواڈ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، فل سالٹ، کامران غلام، محمد حفیظ، ہیری بروک، سہیل اختر، ڈیوڈ ویزے، فواد احمد، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔

 پشاور زلمی سکواڈ

لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے لئے پشاورزلمی کے سکواڈ میں کپتان وہاب ریاض، حضرت اللہ زازائی، کامران اکمل، محمد حارث، شعیب ملک، حیدر علی، حسن علی، خالد عثمان، عماد بٹ، محمد عمر اور ارشد اقبال شامل تھے۔