پی ایس ایل7: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی 23 رنز سے فتح ، کراچی کو ایک اور شکست

Published On 20 February,2022 05:50 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں کراچی کنگز کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 23 رنز سے فتح سمیٹ لی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے،ایونٹ کے 28 ویں میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم کو ہار کا منہ دیکھنا پڑا اور اس طرح 10 میں سے 9 میچز کی شکست دیکھنا پڑی۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز

سرفراز الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے، جیسن روئے نے سب سے زیادہ 82 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی باری میں 11 چوکے شامل تھے اور 64 گیندوں کا سامنا کیا، ول سمیڈ 10، جیمز ونس29، عمر اکمل 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 21 اور حسان خان 3 سکور کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

عماد وسیم، میر حمزہ، عثمان شنواری اور لیوئس گریگوری نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز اننگز

167رنز ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 143 رنز بناسکی، جوئے کلارک نے سب سے زیادہ 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 52 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم 36، شرجیل خان 16، قاسم اکرم 9، روحیل نذیر 8، عماد وسیم 11، لیوئس گریگوری 1 اور ٹام لیمنبائے صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ عمید آصف اور عثمان شنواری 2،2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

فاتح ٹیم کی جانب سے خرم شہزاد نے سب سے زیادہ 4، نسیم شاہ 2، محمد عرفان اور عاشر قریشی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔