پی ایس ایل7: پشاور زلمی کو 42 رنز سے شکست، ملتان سلطانز کی مسلسل چھٹی جیت

Published On 10 February,2022 06:54 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو42 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں مسلسل چھٹی فتح اپنے نام کرلی ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پشاور زلمی اننگز

183 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور حیدر علی نے اننگز کا آغاز کیا مگر دونوں بیٹر ہی جلد پویلین لوٹ گئے۔

کامران اکمل 4، حیدر علی1، لیام لیونگسٹون24، شعیب ملک 44، حسین طلعت 4، ردرفورڈ 21، وہاب ریاض 1، محمد عمر صفر اور بین کٹنگ 23  اور سلمان ارشاد 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فاتح ٹیم ملتان سلطانز کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی اور خوشدل شاہ نے3،3 ، شاہنواز دھانی نے 2، عباس آفریدی اور عمران طاہر نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے 183 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 19 اعشاریہ 3 اوورز میں 140 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

ملتان سلطانز اننگز

 پشاور زلمی کے خلاف ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز نے شروع ہی سے ذمہ دارانہ باری کھیلی اور وکٹ کے چاروں طرف حریف باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔ تاہم محمد رضوان کی اننگزکا خاتمہ 13 اوورز میں ہوا جب کپتان 34 گیندوں پر 34 سکور بنا کر وہاب ریاض کا شکار ہو گئے۔

شان مسعود کی اننگز 68 سکور پر ختم ہوئی، انہوں نے اپنی باری میں 8 چوکے اور ایک چھکا لگایا اور سلمان ارشاد کی گیند پر وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے۔ ریلی روسو 15 سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ ٹم ڈیوڈ نے 18 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ باری کھیلی۔ وہ بھی کپتان وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔

 خوشدل شاہ 11 اور انور علی 1 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے، ملتان سلطانز نے مقررہ اوور میں 182 رنز بنائے۔ وہاب ریاض ، ثاقب محمود اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

 پشاور زلمی سکواڈ

ملتان سلطانز کے خلاف میچ کیلئے پشاور زلمی کے سکواڈ میں کپتان وہاب ریاض، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹون، شیرفین ردرفورڈ، حسین طلعت، بین کٹنگ، محمد عمر، ثاقب محمود اور سلمان ارشاد شامل تھے۔

 ملتان سلطانز سکواڈ

پشاور زلمی کے خلاف میچ کے لئے ملتان سلطانز کے سکواڈ میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، صہیب مقصود، رائیلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، عباس آفریدی، عمران طاہر، بلیسنگ موزاربانی اور شاہنواز دھانی شامل تھے۔