پاکستان کا ہیرو ارشد ندیم پی ایس ایل کی وجہ سے ٹریننگ سے محروم

Published On 09 February,2022 06:46 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کا ہیرو ارشد ندیم پی ایس ایل کی وجہ سے ٹریننگ سے محروم ہوگیا اور اولمپئین پر پنجاب سٹیڈیم کے دروازے بند ہوگئے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کا ساتواں ایڈیشن جاری ہے جس کا دوسرا مرحلہ کل سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہونے جارہا ہے۔ ایونٹ کے دوسرے مرحلے کی وجہ سے ارشد ندیم کو قذافی سٹیڈیم کی حدود میں پنجاب سٹیڈیم میں داخلے کیلئے ایکریڈیشن تک نہ جاری کیا گیا اور داخلہ پاس نہ ہونے کی وجہ سے اولمپیئن ٹریننگ سے محروم رہ گئے۔

پی ایس ایل کی وجہ سے ارشد ندیم کا ٹریننگ وینیو پنجاب سٹیڈیم ہر طرح کی دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے بند کردیا گیا ہے، کامن ویلتھ اور ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے ارشدندیم کی تیاریوں میں خلل پیدا ہوگیا ہے۔

ارشد ندیم کا نشتر سپورٹس کمپلیکس میں داخلے کے لئے ایکریڈیشن کارڈ بھی نہ بنایا جاسکا اور وہ مجبوراً پنجاب یونیورسٹی میں شفٹ ہوگئے۔