'جا رہا ہوں' محمد حسنین جلد ٹیم میں واپسی کے خواہشمند

Published On 10 February,2022 06:22 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) آسٹریلوی بگ بیش لیگ میں باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے کہا ہے کہ’جا رہا ہوں پی ایس ایل چھوڑ کر، اپنی ٹیم چھوڑ کر، انشا اللہ جب واپس آؤں گا تو اپنی ساری کمزوریاں دور کرکے آؤں گا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گیلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے باؤلر نے کہا کہ جب بگ بیش کھیل رہا تھا اس سے پہلے ہی میں کافی کرکٹ کھیل چکا تھا، کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا ہاتھ 15 ڈگری سے اوپر جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کھیلنے سے قبل کافی کرکٹ کھیل چکا تھااور کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا باؤلنگ ایکشن غیرقانونی قرار دیا جاسکتا ہے، اپنا باؤلنگ ایکشن درست کرنے کے لیے پرعزم ہوں اور جلد ہی ٹیم میں واپس آؤں گا۔

خیال رہے کہ حالیہ بگ بیش لیگ کے دوران محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ کیا گیا تھا اور گذشتہ ہفتے ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد پابندی عائد کردی گئی تھی۔

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے بگ بیش لیگ ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس آگیا تھا، جب یہاں پر آیا تو میں نے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیا، پی ایس ایل کے میچز کے دوران اچانک آئی سی سی سے اعلان ہوتا ہے کہ میں آگے اب میچز نہیں کھیل سکتا کیونکہ مجھ پر کچھ وقت کے لئے پابندی لگادی گئی، پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ سے قبل بتایا گیا تھا کہ وہ میں اب باؤلنگ نہیں کرسکتا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے اپنے ساتھی کرکٹر حسنین کا حوصلہ بڑھانے کے لئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ دل چھوٹا مت کر میرے سٹار، ہمیں تم پر بھروسہ ہے، تم اور زیادہ رفتار اور مضبوط بن کر واپس آؤ گے۔