پی ایس ایل سیون کے دوسرے مرحلے کا آج آغاز، ملتان سلطانز کا پشاور زلمی سے ٹاکرا

Published On 10 February,2022 08:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل سیون کے دوسرے مرحلے کا آغازآج سے لاہور میں ہو گا، ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم ملتان سلطانز کا پشاور زلمی سے مقابلہ ہو گا۔

پاکستان کرکٹ کے بڑے برانڈ سپر لیگ سیون کے دوسرے مرحلے کا بھی انتظار ختم، زندہ دلان کے شہر میں کرکٹ سٹارز جگمگائیں گے، چوکے چھکوں کی بہار آئے گی، وکٹیں بھی لگاتار گریں گی۔

کرکٹ دیوانے پرجوش ہیں، قذافی سٹیڈیم کی رونقیں دوبالا ہو گئیں، پریکٹس سیشنز میں کھلاڑی اِن ایکشن ہو رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور نمبر پانچ پشاور زلمی کا مقابلہ شیڈول ہے ، میدان شام ساڑھے سات بجے سجے گا ، زور کے جوڑ کا بگل بجے گا۔

دونوں ٹیموں نے تیاریاں تیز کر دیں، آج کا پلان بھی فائنل کر لیا۔ شام کو ٹھنڈی ہواؤں میں کرکٹ کا آئیڈیل موسم متوقع ہے، اوس سے گیند کے گیلے ہونے سے کھیل کا مزہ کرکرا ہو سکتا ہے۔