اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس چوروں کیخلاف بھرپور ایکشن کی تیاری کرلی ہے۔ ایف بی آر نے بڑے ٹیکس چوروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق ٹیکس ریونیو بڑھانے کے لیے حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے بجٹ میں بڑے ٹیکس چوروں کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ایف بی آر نے ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے کمشنرز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
دستاویزات کےمطابق اگر اکاؤنٹ میں ایک سال تک 5 لاکھ روپے پڑے رہے۔ 2400 سی سی گاڑی خریدی، 2 کنال کے گھر میں رہ رہے ہیں یا سال میں تین دفعہ بیرون ملک دورے کیے تو بچنا مشکل ہو جائے گا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 5 لاکھ روپے کے بینک اکاونٹس ہولڈرز کی تفصیلات طلب کی جائیں۔ 5 لاکھ روپے اکاؤنٹ میں ہونے کے باجود اگر ٹیکس گوشوارہ جمع نہیں تو ایکشن ہوگا۔
ایف بی آر نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے بھی انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کا ڈیٹا طلب کرلیا گیا ہے جبکہ نادرا اور ایف آئی اے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کا ڈیٹا فراہم کریں گے۔