اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ موجودہ ٹیکس نظام ملکی معیشت کیلئے سنگین خطرہ ہے۔
چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں لکھا کہ ایک فیصد لوگ پوری ریاست کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ کاروباری افراد کی بڑی تعداد سسٹم میں شامل ہونے کو تیار نہیں ہے۔
شبر زیدی نے موجودہ ٹیکس نظام کو ملکی معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظام آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار نہیں ہے۔ ٹیکس وصولی کا نظام جی ڈی پی کے 10 فیصد سے بھی کم ٹیکس اکٹھا کر رہا ہے جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کے ذریعے ٹیکس اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کاروباری لوگوں کی بڑی تعداد ٹیکس سسٹم میں شامل ہونے سے گریزاں ہے۔ 22 کروڑ آبادی میں سے 20 لاکھ سے بھی کم لوگ ٹیکس گوشوارے جمع کرواتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ آبادی میں سے صرف ایک فیصد لوگ پوری ریاست کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ بجلی کے کمرشل کنکشن رکھنے والے 31 لاکھ تاجروں میں سے 90 فیصد ٹیکس سسٹم سے باہر ہیں۔