سری نگر :بھارتی فوج کی فائرنگ ، ایک اور کشمیری شہید

Last Updated On 05 August,2018 06:37 pm

سری نگر (دنیا نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، رات گئے کارروائی میں ایک شخص کو شہید اور ایک کو زخمی کر دیا، چار دن میں شہادتوں کی تعداد بارہ ہو گئی۔ پولیس نے فوجیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، دوسری جانب کشمیریوں کے خصوصی حقوق کی شق کو آئین سے منسوخ کرنے کے لئے خلاف وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، قابض فوج نے ضلع رامبان کی تحصیل گول کے علاقے کوہلی میں رات گئے نہتے شہریوں پر گولی چلا دی، شفیع گجر موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ شکیل احمد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔

گزشتہ چار دن میں قابض فورسز کے ہاتھوں شہادتوں کی تعداد بارہ ہو گئی ہے، دوسری جانب بھارتی حکومت کے آئین میں تبدیلی کے متنازعہ فیصلے کے خلاف وادی بھر میں دو روزہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔ ہڑتال کی کال حریت رہنماؤں اور تاجروں کی تنظیموں نے دی ہے۔

بھارتی حکومت آئین کے آرٹیکل پینتیس الف کو منسوخ کرنے کی تیاری کر رہی ہے، اس آرٹیکل کے تحت غیر کشمیری وادی میں جائیداد نہیں خرید سکتے اور نہ ہی ملازمت کر سکتے ہیں۔ بھارتی پارلیمنٹ کل اس آرٹیکل کو منسوخ کر سکتی ہے۔