پاکستان سے مذاکرات کئے جائیں: سابق بھارتی سفارتکار بھی عمران خان کے حامی

Last Updated On 27 July,2018 12:34 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) سابق بھارتی سفارتکار مانی شنکر ایر بھی متوقع پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے حامی نکلے۔ مانی شنکر ایر کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان سے مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔

پاکستان کے انتخابات کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانی انتخابات کے نتائج سے سیکھنا چاہیے کیونکہ پاکستان نے مذہبی جماعتوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریر حالات کے مطابق تھی اگر وہ کشمیر کی بات کر رہے ہیں تو کیا حرج ہے۔ مانی شنکر ایر نے مزید کہا کہ بھارت کو پاکستان سے مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔

یاد رہے گذشتہ روز عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے اپنے پالیسی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان تمام ہمسائیوں کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات اور بھارت سے بات چیت کی پالیسی پر عمل کرے گا۔