لاہور: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے بعد جہاں دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے بڑے ایونٹ منسوخ ہو گئے ہیں وہیں پر سوشل میڈیا کی بڑی ویب سائٹس آگاہی مہم چلانے کے لیے پیش پیش ہیں، متعدد ٹیکنالوجی کمپنیاں گوگل، ایپل اور دیگر کرونا وائرس کے حوالے سے صارفین کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر ر ہی ہیں۔ انسٹاگرام نے بھی کرونا سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے احسن قدم اٹھایا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق تصاویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اب کرونا سے متعلق خبروں کا بھی ذریعہ بنے گی اور صارفین کو کرونا سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر ان کی نیوز فیڈ پر فراہم کرے گی۔
انسٹاگرام پر نیوز فیڈ کے اوپری حصے پر ایک نیا حصہ شامل کیا گیا ہے جہاں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور مقامی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی معلومات نظر آئے گی۔
رپورٹس کے مطابق انسٹاگرام پر اس نئے معلوماتی ٹیب پر پیغام نظر آئے گا جس میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی کرونا سے بچاؤ سے متعلق تازہ ترین معلومات نظر آئے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انسٹاگرام پر سرچ بار پر آنے والی جعلی اور غیر تصدیق شدہ تجاویز کو ایپ سے ہٹادیا گیا تھا جب کہ فیس بک اور انسٹاگرام دونوں پر کورونا وائرس سے متعلق فروخت کی جانے والی چیزوں کے اشتہارات کو بھی ہٹایاگیا تھا۔