کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے امکانات ہیں۔ اس مرض کا علاج ابھی تک دریافت نہیں ہوا۔ ہمیں بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہری افواہوں پر کان نہ دھریں، ہم حقائق نہیں چھپائیں گے، ہر کیس بارے بتایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین سے آنے والے 34 افراد کا ٹیسٹ کرایا گیا تھا لیکن کسی مسافر میں کرونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مسئلہ ٹیسٹ کی سہولتوں کا ہے، ہم روزانہ 200 ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔ ایک ٹیسٹ کی رپورٹ آنے میں آٹھ گھنٹے لگتے ہیں۔ سندھ حکومت نے 10 ہزار کٹس درآمد کر لی تھیں، مزید کٹس بھی منگوائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے امکانات ہیں لیکن ضروری نہیں سب کو ہسپتال لایا جائے۔ ہمیں اس مرض سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔