اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کرونا وائرس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت معمول کے مقدمات کی سماعت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلع کچہری اور خصوصی عدالتوں میں بھی 5 اپریل تک صرف فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت ہوگی۔ یہ اہم فیصلے اسلام آباد ہائیکورٹ کرائسسز مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق ضمانت اور ریمانڈ کیسز کے لیے ججز جیل میں سماعت کریں گے۔ اسلام آباد کی عدالتوں کی سول مقدمات کی سماعت پانچ اپریل تک روک دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات کی وجہ سے حکومت نے عدلیہ سے سول مقدمات کو ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔