لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق اولمپیئن و منیجر قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی۔
خواجہ جنید ایشیا کپ کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر تھے، ایشیا کپ میں جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو فیلڈ میں اتارنے کا واقع پیش آیا تھا، پاکستان گول ڈسکوالیفائی ہونے کی وجہ سے ورلڈکپ میں کوالیفائی نہ کرسکا تھا۔
واقعہ کے بعد سابق سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے معاملے کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی، خواجہ جنید نے انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل ہی استعفیٰ پیش کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اولمپکس، عالمی مقابلوں میں قومی ہاکی ٹیم کا کوالیفائی نہ کرنا مایوس کن
بعد ازاں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے دوبارہ کمیٹی کی رپورٹ طلب کی ،کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اولمپیئن خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگائی گئی۔
پی ایچ ایف کے لیگل ایڈوائزر میاں علی اشفاق کا کہنا ہے کہ خواجہ جنید کی وجہ سے بہت جگ ہنسائی ہوئی، مس کنڈکٹ کیا گیاجس کی وجہ سے پاکستان ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکا۔