بیلجیم کو شکست دے کر جرمنی تیسری بار ہاکی کا ورلڈ کپ جیت گیا

Published On 29 January,2023 09:18 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) 17 سال بعد جرمنی نے دفاعی چیمپئن بیلجیم کو شکست دے کر تیسری بار ہاکی کا ورلڈ کپ جیت لیا، اس سے پہلے جرمنی نے 2006 اور 2002 میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔

بھارت کی ریاست اوڈیشا کے دارالحکومت میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن بیلجیم نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور جرمنی کو زیادہ سنبھلنے کا موقع نہ دیا، شروعات میں ہی بیلجیم کو 0-2 کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف کے کھیل کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے گول 3-3 برابر تھے، اس کے بعد میچ کے فیصلے کیلئے پنالٹی شوٹ آؤٹس دی گئیں، جرمنی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد 4 کے مقابلے 5 گول سے فائنل اپنے نام کر لیا۔

واضح رہے جرمنی ہاکی کا تیسری بار ورلڈ چیمپئن بنا ہے جبکہ سب سے زیادہ 4 مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز پاکستان کے پاس ہے، پاکستان نے آخری مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ 1994 میں جیتا تھا۔