بھوبنیشور: (ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام 15واں ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز آج سے ہوگا۔
مینز ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہے جس میں شائقین ہاکی کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔
میگا ایونٹ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے ، ہاکی کے میگا ایونٹ میں آج (منگل )کو دو کوارٹر فائنل میچز کا فیصلہ ہوگا ، پہلا کوارٹر فائنل میچ آسٹریلیا اور سپین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں بیلجیم اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ۔
میگا ایونٹ کے چاروں کوارٹرفائنل اور دونوں سیمی فائنلز اور فائنل میچز کلنگا سٹیڈیم، بھونیشور میں کھیلے جائیں گے ۔
پاکستانی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ 2023 کے لئے کوالیفائی نہ کرنے کے باعث ایونٹ میں شریک نہیں ہے، گرین شرٹس کو سب سے زیادہ 4 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔
میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل 27 جنوری کو جبکہ تیسری پوزیشن اور فائنل میچ 29 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔