بھوبنیشور :( ویب ڈیسک ) ایف آئی ایچ ہاکی مینز ورلڈ کپ کا ابتدائی رائونڈ مکمل ہونے کے بعد دفاعی چیمپئن بیلجیئم، آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور انگلینڈ نے اپنے اپنے پولز میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
رپورٹس کے مطابق تمام پولز سے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں بھارت، ارجنٹائن، فرانس، جرمنی، جنوبی کوریا، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور سپین کراس اوورز رائونڈ کھیلیں گی۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا رائونڈ 22 جنوری سے شروع ہو گا اور پہلے کراس اوور میچ میں ملائیشیا کا مقابلہ سپین سے ہو گا، جو بھی ٹیم جیتے گی وہ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا سے نبرد آزما ہو گی۔
اسی روز دوسرے کراس اوور میچ میں میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، اس میچ کی فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں بیلجیئم سے پنجہ آزما ہو گی۔
23 جنوری کو تیسرا کراس اوور میچ فرانس اور جرمنی کے مابین کھیلا جائے گا اور جو ٹیم فتح حاصل کرے گی کوارٹر فائنل میں اسے انگلینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا۔
اسی روز چوتھے اور آخری کراس اوور میچ میں ارجنٹائن اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نیدرلینڈز کے خلاف کوارٹر فائنل کھیلے گی۔
شیڈول کے مطابق کوارٹر فائنل مقابلے 24 اور 25 جنوری کو کھیلے جائیں گے، سیمی فائنل میچز 27 جنوری جبکہ فیصلہ کن معرکہ 29 جنوری کو ہو گا۔