لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وبا نے 2020 میں پہلے سے مشکلات سے دوچار قومی کھیل ہاکی کو مزید متاثر کر دیا۔ ملک میں کسی ہاکی لیگ کا انعقاد ہوا، نہ ہی بین لاقوامی سرگرمیاں ممکن ہوئیں۔ سیکرٹری پی ایچ ایف آئندہ سال قومی کھیل کی ترقی کےلیے پرعزم ہیں۔
قومی کھیل ہاکی مسلسل زبوں حالی کا شکار، 2020 میں بھی اس بارے مایوسی کے بادل نہ چھٹے۔ قومی کھیل کو پروان چڑھانے کا خواب کورونا وباء کی نذر ہو گیا، پورا سال قومی ہاکی ٹیم کو ایک بھی انٹرنیشنل میچ نہ مل سکا۔
اس سال جہاں جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی ہوا، وہیں اذلان شاہ ہاکی، ایشین چیمپئنز ٹرافی اور دیگر ہاکی ٹورنامنٹ بھی کورونا کے باعث منسوخ ہو گئے۔
کورونا کی وجہ سے قومی کھیل اور کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے کے لئے ڈومیسٹک ایونٹس کروائے گئے، آن لائن سیشنز میں کھلاڑیوں کو فٹنس اور گیم بارے لیکچرز دیئے گئے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہا کہ ہاکی رینکنگ بہت متاثر ہوچکی‘ اب اس کو بہتر کریں گے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کہتے ہیں 2021 قومی کھیل کا سال ہوگا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کا 2020 میں ہاکی لیگ کرانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ قومی ہاکی ٹیم کا ورلڈ رینکنگ میں اس وقت 17 واں نمبر ہے۔
پاکستان کے لیے 4 بار عالمی کپ لانے والی ہاکی ٹیم آج شدید مشکلات سے دوچار دکھائی دیتی ہے تاہم سال نو میں اگر حکومت ہاکی فیڈریشن کی بھرپور مالی امداد کرے تو بہتری کے آثار پیدا ہوسکتے ہیں۔