الیکشن ہر صورت 8 فروری کو ہی ہونے چاہئیں: آصف علی زرداری

Published On 07 January,2024 10:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن ہر صورت 8 فروری کو ہی ہونے چاہئیں۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے بعد جھنگ سے تعلق رکھنے والے این اے 109 کے حیدر بخاری اپنے والد شہریار بخاری، نواب طاہر سیال اور ناصر عباس سیال پی ٹی آئی چھوڑ کر جبکہ فہیم احمد خان مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پی پی پی میں شامل ہوگئے، پی پی پی ضلع جھنگ کے جنرل سیکرٹری نواز خان اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کسی کاروباری یا کھلاڑی کا نہیں صرف بھٹو کا ہے: بلاول بھٹو

آصف علی زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین ہم نے بنایا ہے کسی اور نے نہیں، یہ پنجاب میں چار سڑکیں بنا کر ہمیں نہ بتائیں، یہ بتائیں کہ روزگار کتنوں کو دیا، غربت ختم کرنے کا پلان پیپلزپارٹی کے سوا کسی کے پاس نہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ جتنا اچھا میڈیکل سسٹم سندھ میں ہے پورے ملک میں بننا چاہئے، الیکشن مکمل پرامن ہونے چاہئیں، پی پی پی گالی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔