سینیٹر ہدایت اللہ نے دلاور خان کے انتخابات پر تحفظات کو حقائق پر مبنی قرار دیدیا

Published On 07 January,2024 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فاٹا سے آزاد رکن سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ سینیٹر دلاورخان کی سینیٹ میں پیش کردہ قرارداد میں اجاگر کئے گئے تحفظات حقائق پر مبنی ہیں۔

سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ سینیٹر دلاور خان منتحب رکن ہیں، اپنے تحفظات اور خدشات سے ایوان کو آگاہ کرنے کے پابند ہیں، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور انتخابات سے متعلق تحفظات کا اظہار گلی کوچوں میں بھی ہو رہا ہے، ہم نے عوامی تحفظات کو ایوان بالا میں اجاگر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار کے حصول کے لئے قبائلی اضلاع کی عوام کو قربانی کا بکرا نہیں بننے دیں گے، الیکشن کمیشن ہماری قرارداد میں درج تحفظات کا سنجیدگی سے جائزہ لے، افراتفری کے ماحول میں انتخابی عمل میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں، اگر انتخابی عمل میں کسی کا جانی نقصان ہوا تو اس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن بھی ہوگا۔

سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ ضلع باجوڑ میں عوام اور فوجی جوان دہشت گردی کی زد میں ہیں، ہم میں اپنی عوام کی مزید لاشیں اٹھانے کی سکت نہیں، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتیں بلوچستان اور قبائلی اضلاع کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں۔