ٹیکسلا: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہاکہ میں کسی سیاسی جماعت کی دم پکڑ کر نہیں بلکہ عوام کی طاقت سے ایم این اے بنوں گا۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ٹیکسلا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹیکسلا والو میرا یہ مان اور عزت آپ کی وجہ سے ہے، مخالفین پر تنقید پسند نہیں، کارکردگی پر بات کرنا چاہتا ہوں، ن لیگ میرے ہاتھوں میں پیدا ہوئی اور پلی بڑھی، میں نے ن لیگ میں 35 سال گزارے، ان پر تنقید کرنا اچھا نہیں لگتا۔
چودھری نثار نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 54 سال سے میرا دوست ہے، بانی پی ٹی آئی اس وقت مشکل میں ہے کس طرح اس پر تنقید کروں، مخالفین کو 8 فروری کو میرا ووٹر جواب دے گا، پاکستان میں سب سے پہلے اگر کسی گاؤں کو سوئی گیس ملی تو وہ واہ گاؤں تھا، میرے مخالف نے پی آئی اے کا بھی بٹھا بٹھایا اور واہ جنرل ہسپتال کا بھی بٹھا بٹھایا۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ میں ن لیگ سے اپنی عزت نفس کی خاطر ناراض ہوا، میں بزرگوں کے سامنے تو ہاتھ باندھ کے کھڑا ہو سکتا ہوں مگر بچوں کے سامنے نہیں، پچھلی بار کی طرح آپ کے ووٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔