لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجازالحق نے "قومی یکجہتی الائنس" کے نام سے نیا سیاسی اتحاد بنانے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں ہم خیال سیاسی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجازالحق کا کہنا تھا کہ ایک ڈیڑھ ماہ سے ہم مل رہے ہیں، جو لوگ آزادانہ الیکشن لڑ رہے ہیں یا چھوٹی جماعتوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں انکو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایسے گروپ کو سامنے لانا چاہتے ہیں جو پاکستان کو نظریاتی طور پر چلانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20،25 اہم سیاسی شخصیات اور کچھ دینی جماعتوں سے بات ہوئی ہے، جی ڈی اے، جمعیت علمائے اسلام (س) سے بھی بات ہوگئی ہے، مرکزی مسلم لیگ سے بھی بات ہوئی، تحریک لبیک سے بھی اکٹھے چلنے کے حوالے سے بات ہوئی، چند روز میں پیرپگاڑا سے ملنے جا رہا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا پلیٹ فارم ہونا چاہئے جو مسائل کا ذکر نہ کرے بلکہ حل کرے، میں نے آزاد ارکان کو ایک الائنس کے ساتھ اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایک انتخابی نشان کے لئے الیکشن کمیشن کے پاس گیا تھا، الیکشن کمیشن نے کہا مقررہ تاریخ گزر گئی ہے، ہمارا انتخابی منشور مسلم لیگ ضیاء کا ہے، اس میں کچھ اور چیزیں شامل کرکے چند دن میں سامنے لائیں گے۔
سربراہ مسلم لیگ ضیاء نے کہا کہ ماضی میں جن جماعتوں کا چارٹر آف ڈیموکریسی ہوا اس دن نظریاتی سیاست کو دفن کردیا گیا، اس چارٹر کی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی تھی دبئی میں ان سے ملاقات کی گئی جن سے نہیں ملنا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ ایک ہی سوال پوچھتے ہیں کیا الیکشن ہوں گے؟ ذاتی طور پر سمجھتا ہوں 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، ہفتہ دو ہفتے الیکشن آگے ہو جائیں تو کچھ نہیں کہہ سکتا، نومئی کی ہم مذمت کرتے ہیں۔