لاہور: (دنیا نیوز) اپیکس کمیٹی پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی۔ اجلاس میں 8 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں بھی پابندیاں سخت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز، شرح اموات، کورونا ایس او پیز پر موثر عملدرآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے شاندار خدمات پر ہیلتھ پروفیشنلز کو خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور اور بڑے شہروں میں ہسپتالوں کو صرف کورونا کیلئے مختص کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ آکسیجن کی سپلائی کو تسلسل کے ساتھ برقرار رکھنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گی اور فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے اوقات پر انتظامی اقدامات کے ذریعے موثر عملدرآمد کرایا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 201 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 530 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 10 ہزار 231 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 292 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 96 ہزار 144، سندھ میں 2 لاکھ 80 ہزار 356، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 15 ہزار 596، بلوچستان میں 21 ہزار 945، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 280، اسلام آباد میں 74 ہزار 131 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 779 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 16 لاکھ 82 ہزار 14 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 678 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 4 ہزار 494 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 214 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 201 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 530 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 224، سندھ میں 4 ہزار 624، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 201، اسلام آباد میں 675، بلوچستان میں 233، گلگت بلتستان میں 105 اور آزاد کشمیر میں 468 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔