کراچی: ضلع وسطی کے چار ٹاؤنز کے مختلف علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن

Published On 28 April,2021 09:16 am

کراچی: (دنیا یوز) کراچی کے ضلع وسطی کے چار ٹاونز کے رہائشی یونٹس میں کورونا کیسز میں اضافہ کے پیش نظر 11 مئی تک مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع وسطی کے چار ٹاونز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون لگایا گیا ہے۔ لاک ڈاون ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی پر لگایا گیا۔ لاک ڈاوُن کے دوران متاثرہ علاقے میں غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جبکہ علاقے میں تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی۔ کریم آباد مینا بازار کی 1350، الیکٹرونک مارکیٹ کی 63 دکانیں سیل کی گئی۔ ضلع وسطی میں ہی نارتھ ناظم آباد میں شاپنگ مال کی 1210 دکانیں کو سیل کیاگیا۔ ضلع جنوبی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 167 دکانیں سمیت 4 ریسٹورنٹس سیل کر دیئے گئے۔ بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔