اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز کم نہ ہوئے تو مزید سخت اقدامات کرنا پڑیں گے، صورت حال میں بہتری کیلئے تیاری جاری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر انڈیا سے آمدو رفت پر مکمل پابندی عائد ہے، یہ پابندی اپریل کے تیسے ہفتے سے لاگو ہے اور اس پر مکمل عمدرآمد ہو رہا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 201 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 530 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 10 ہزار 231 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 292 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 96 ہزار 144، سندھ میں 2 لاکھ 80 ہزار 356، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 15 ہزار 596، بلوچستان میں 21 ہزار 945، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 280، اسلام آباد میں 74 ہزار 131 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 779 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 16 لاکھ 82 ہزار 14 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 678 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 4 ہزار 494 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 214 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 201 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 530 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 224، سندھ میں 4 ہزار 624، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 201، اسلام آباد میں 675، بلوچستان میں 233، گلگت بلتستان میں 105 اور آزاد کشمیر میں 468 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔