پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کے بعد مختلف علاقوں میں نافذ مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن صرف اعلانات تک محدود ہوگیا۔ پابندیاں عائد کرنے کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔
پشاور میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، لیکن عملدرآمد کے اقدامات نہ اٹھائے جاسکے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پشاور کے علاقے بشیر آباد رنگ روڈ، چارسدہ روڈ، کابل کینال روڈ اور حیات آباد فیز 6 میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، لیکن پابندیوں کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات نہ اٹھائے جاسکے، ان علاقوں میں جہاں آمد و رفت جاری ہے تو وہیں ایس او پیز پر بھی خیال نہیں رکھا جا رہا۔
خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع پشاور، مردان، سوات، ملاکنڈ اور ہری پور میں کورونا وائرس نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی ہے۔ بڑے اضلاع میں پاک فوج کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔