اسلام آباد: (دنیا نیوز) 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی آج سے واک ان ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ آج سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کسی بھی قریبی کورونا ویکسین سنٹر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کیلئے جاتے ہوئے اپنا شناختی کارڈ اور فون ساتھ رکھیں، 40 سے 50 سال کی عمر کے افراد 1166 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر رجسٹریشن کرائیں اور ہدایات کا انتظار کریں۔
Vaccine update
— Faisal Sultan (@fslsltn) April 28, 2021
Starting today, those over the age of 50 years can get vaccinated at any nearby vaccine center. Please take along your CNIC & phone & get your vaccine
For those between 40 & 50 years, register by sending your CNIC on 1166 by SMS & wait for instructions
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 201 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 530 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 10 ہزار 231 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 292 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 96 ہزار 144، سندھ میں 2 لاکھ 80 ہزار 356، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 15 ہزار 596، بلوچستان میں 21 ہزار 945، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 280، اسلام آباد میں 74 ہزار 131 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 779 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 16 لاکھ 82 ہزار 14 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 678 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 4 ہزار 494 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 214 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 201 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 530 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 224، سندھ میں 4 ہزار 624، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 201، اسلام آباد میں 675، بلوچستان میں 233، گلگت بلتستان میں 105 اور آزاد کشمیر میں 468 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔